Monday, October 25, 2010

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ قاف میں رابطےبابر اعوان سابق فوجی صدر مشرف کی حمایتی جماعت مسلم قاف سے رابطے کررہی ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک وفاقی وزیر بابر اعوان نے مسلم لیگ قاف کے رہنما چودھری پرویز الہیْ سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے قومی مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ان کی جماعت اور مسلم لیگ قاف ایک ساتھ بیھٹنے کے لیے تیار ہیں۔
اس سے پہلے صوبۂ پنجاب میں مسلم نواز کی حکومت کی اتحادی پیپلز پارٹی کے وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے لاہور میں صوبائی حزب مخالف کی جماعت مسلم لیگ قاف کے رہنما چودھری پرویز الہیْ سے ملاقات کی ہے۔
یہ ملاقات لاہور میں مسلم لیگ قاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیْ پنجاب چودھری پرویز الہیْ کے گھر پر ہوئی۔ جس کے بعد دو رہنماؤں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
چودھری پرویز الہیْ نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ قاف ملک اور عوام کے مسائل کے لیے ہروقت اور ہر ایک کے ساتھ بیھٹنے کے لیے تیار ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل قومی مفاہمت میں ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب سابق حکمران جماعت مسلم لیگ قاف اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں میں ملاقات ہوئی ہے اس سے پہلے گزشتہ سال دو ہزار نو میں پنجاب گورنر راج کے نفاذ کے بعد مسلم لیگ قاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان بھی رابطے ہوئے تھے اور اس وقت گورنر پنجاب سلمان تاثیر نے مسلم لیگ قاف کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔
 مسلم لیگ قاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیْ پنجاب چودھری پرویز الہیْ نے کہا کہ دروازے کھلے رکھ کر ہی سیاست ہوسکتی ہے کیونکہ بقول ان کے بند دروازوں سے نہ تو سیاست ہوسکتی ہے اور نہ مشورہ ہوسکتا ہے ۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ یہ ملاقات مستقبل میں انتخابی اتحاد کا پیش خیمہ تو نہیں، تو انہوں نے کہا کہ سیاست میں ضد نہیں ہوتی ۔
ڈاکٹر بابر اعوان سے جب یہ سوال کیا گیا کہ ان کی جماعت کی طرف سے مسلم لیگ قاف کو قاتل لیگ کہاگیا تھا تو انہوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا اور کہا کہ وہ اس کو سوال نہیں بلکہ ایک تبصرہ سمجھتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت اور مسلم لیگ قاف کے درمیان آئندہ بھی رابطے جاری رہیں گے۔

No comments:

Post a Comment